الحمد للّٰہِ و کفیٰ ،و سلامٌ علی عبادہ الذین اصطفی ، اما بعد!
عالی جناب ناظم صاحب ! صدر صاحب ، اساتذۂ کرام، اور معزز حاضرین!
آج ۲۶؍جنوری یوم جمہوریہ ہے،
دستور کا آغاز ہے یوم جمہوریہ
دستور کا آغاز ہے یوم جمہوریہ
قانون کی آواز ہے یوم جمہوریہ
حضراتِ سامعین ! ۲۶؍جنوری، در حقیقت خوابوں کی تعبیر کا دن ہے، اوریومِ احتساب بھی ہے، یعنی ہم غور کریں ، اور سوچیں، کہ ہندوستان، کن خوابوں کی تعبیر تھا، اور وہ خواب کس حد تک پورے ہوئے، تا کہ وہ مقاصد، ہماری نظروں کے قریب رہیں ، جن مقاصد کے پیشِ نظر، ہمارے اکابرین نے، بے شمار قربانیاں دیں، اپنی جانون کا نذرانہ پیش کیا، اور خونِ جگر سے، گلستانِ ہند کی آبیاری کی، کیونکہ احساسِ منزل ہی، بے حِسی کا جمود توڑتاہے، اور حرکت کا جذبہ بھی پیدا کرتا ہے۔
سامعینِ کرام ! یومِ جمہوریہ ایک قومی دن ہے، جسے پورے ملک میں، بڑے جوش و خروش سے، منایا جاتا ہے، کیونکہ ، آج ہی کے دن ، یعنی ۲۶؍جنوری ، ۱۹۵۰ ء کو، آزاد ہندوستان کے آئین کے نفاذ، عمل میں آیا تھا،اور اسکے ساتھ ہی، ایک جمہوری طرزِ حکومت کا آغاز ہوا، اسی لئے آج کے دن کو، یومِ جمہوریہ کہا جاتا ہے۔
سامعین ! دستورِ ہند میں، ہمارے ملک کو، ایک سیکولر اسٹیٹ کہا گیا ہے، یعنی یہ ملک، مذہب کی بنیاد پر حکومت نہیں کریگا، اور تمام مذاہب کا، احترام ضروری ہوگا، اور مذہب کی بنیاد پر، کسی کے ساتھ بھید بھاؤ نہیں کیا جائیگا، اور ذات پات ، اور مذہب کی بنیاد پر، کسی کو شہریت کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، ہر ہندوستانی شہری ، قانون کی نگاہ میں برابرہے، ہر شہری کو آزادیِ رائے ، آزادیِ خیال ، اور آزادیِ مذہب، کا اختیار حاصل ہے۔
اسی لئے، ہندو مسلم، سکھ، عیسائی، اور دیگر تمام مذاہب کے لوگ ، اپنے اپنے مذہب پر، عمل کرتے ہوئے،ایک مشترکہ ، بڑی خوبصورت، گنگا جمُنی تہذیب کو فروغ دے رہے تھے، اور ملک ترقی کر رہا تھا۔
لیکن وطنِ عزیز کو، نہ جانے کس کی نظرِ بد لگ گئی ، کہ ہر طرف بد امنی ، اور بے چینی پھیلی ہوئی ہے، کچھ لوگ ہیں ، جنھیں قومی یکجہتی راس نہیں آتی، اور ہندو مسلم اتحاد کو، پارہ پارہ کر دینا چاہتے ہیں، اور گنگا جمنی تہذیب کو، تار تار کر دینا چاہتے ہیں ۔
میرے عزیزو! قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے، جمہوریت کی بقاء کے لئے، اور آئین کے تحفظ کے لئے ، ہمیں متحد ہو کر ان حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ تاکہ ایک بار پھر، ہمارا ملک، ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
و آخر دعوانا ان الحمد للہ رب العٰلمین
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
اسکی پی ڈی ایف فائل یہاں سے
کر سکتے ہیں.